تاریخ شائع 12-08-2021, تصنیف کردہ : شیخ ہابیلشیخ ہابیل (SheikhHabeel)
درجہ بندی:
عنوان پڑھ کر اگر آپ کو یہ لگا ہے کہ یہاں ”شیشہ“ سے مراد ”آٸینہ“ ہے تو آپ غلط ہیں کیونکہ یہاں ”شیشہ“ سے مراد ”شیشہ“ ہی ہے۔شیشہ آج کل ہمارے معاشرے میں بہت ہی عام ہوگیا ہے۔ بڑے تو بڑے بچے بھی اس محاذ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ جو انسان شیشہ پیتا ہے اُسے بڑی ہی فخریہ نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے جیسے یہ شیشہ پینے کے فوراً بعد فلسطين میں جہاد کرنے جاٸیگا اور جو شیشہ نہیں پیتا اُسے ڈرپوک کا لقب دیدیا جاتا ہے گویا اُس نے جہاد پر جانے سے منع کردیا ہو۔ کچھ دنوں پہلے میں ایک جگہ مہمان کے طور پر گیا، میں بیٹھا ہوا تھا کہ ایک بچہ میرے پاس آیا اس بچے کی عمر 12 13 سال سے زیادہ نہیں تھی، اس نے میری طرف ہاتھ بڑھایا، مجھے لگا کہ وہ مجھ سے ہاتھ ملانا چاہ رہا ہے جب میں نے اس کے ہاتھ کو دیکھا تو مجھے پتا چلا کہ وہ مجھ سے ہاتھ ملانا نہیں چاہ رہا بلکہ مجھے شیشہ پینے کی آفر کررہا ہے۔ میں نے سوچا کہ یہ بچہ کتنا مہمان نواز ہے کہ مجھے شیشہ پینے کی آفر کررہا ہے اس کے ماں باپ نے اس کی پرورش کتنے اچھے انداز میں کی ہوگی کہ اس کو مہمان کی اتنی فکر ہے، خیر، میں نے اسے شیشہ پینے سے انکار کردیا، اسے لگا کہ میں ڈر رہا ہوں اِس لیے اُس نے مجھے کہا ڈریے مت کچھ نہیں ہوگا یہ تو فلیور والا شیشہ ہے اس میں اسٹوبری کا ذائقہ ہے۔ میں نے دوبارہ سوچا یہ بچہ تو واقعی خاندانی ہے جب ہی مجھے باربار شیشہ پینے کے لیے اصرار کر رہا ہے۔ خیر، میں نے اسے دوبارہ انکار کردیا تو وہ برا سا منہ بناکر چلا گیا۔
شیشہ پینے والوں کی بھی دو قسمیں ہوتی ہیں۔
(1) وہ جو شیشہ پینے کے بعد دھوٸیں کے چھلے بناتے ہیں۔
(2) وہ جن کو چھلے بنانے نہیں آتے۔
نمبر 1 والے چھلے بنانے کے بعد نمبر 2 والوں کو ایسے دیکھتے ہیں جیسے نمبر 2 والوں نے چھلے نہ بناکر یہ ثابت کردیا ہے کہ اب وہ زندگی میں کچھ نہیں کرپاٸیں گے۔
ایک بات یاد رکھیے بہادر لوگ وہی ہیں جو سرعام شیشہ پیتے ہیں۔ نہ پینے والے اور چھپ کر پینے والے ہمیشہ ڈرپوک ہی کہلاۓ جاٸیں گے۔
اِس لیے آج کے دور میں اگر آپ کو بہادری کا سرٹیفکیٹ چاہیے تو سرعام شیشہ پینا شروع کردیں۔ جب آپ سرعام شیشہ پینا شروع کردیں گے تو آپ خود یہ بات محسوس کریں گے کہ لوگ آپ کو اس طرح دیکھتے ہیں جیسے آپ ایک انتہائی بہادر انسان ہیں اور جہاد کے لیے بالکل تیار ہیں اور آپ کو فلسطين چلے جانا چاہیے۔